نئی دہلی، 9؍مئی (ایس او نیوز؍پریس ریلیز)پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کا حملہ ایک دہشت گردانہ عمل ہے۔ مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس سے اسرائیل کی نفرت کوئی مخفی امر نہیں ہے۔ مسجد اقصیٰ پر حالیہ حملہ فلسطینیوں کے ساتھ جاری اسرائیلی جارحیت کا ایک حصہ ہے۔ شیخ جراح میں واقع گھروں سے فلسطینیوں کو جبراً بے دخل کرنے کی اسرائیلی کوشش یروشلم سے فلسطینیوں کے صفایے کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔
اسرائیل نے اپنی غیرقانونی آبادکاری اور قبضے کو ختم کرنے کے عالمی مطالبے کے باوجود فلسطینی عوام پر پھر حملہ کیا ہے۔ گذشتہ کچھ دنوں سے، اسرائیلی پولیس اور یہودی آبادکار یروشلم کے شیخ جراح میں بسے 10 بچوں سمیت 40 فلسطینی رہائشیوں کو ان کے گھروں سے جبراً بے دخل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان رہائشیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی خاطر روزہ افطار کے لئے وہاں جمع ہوئے دیگر فلسطینیوں اور سماجی کارکنان پر ظالمانہ حملہ کیا گیا، جس میں سیکڑوں افراد زخمی ہو گئے۔
پاپولر فرنٹ اس غیرانسانی تشدد اور سیکڑوں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبراً بے دخل کرنے کی کوشش کی سخت مذمت کرتی ہے۔ یہ تاریخی شہر سے فلسطینیوں کے صفایے اور وہاں یہودیوں کو آباد کرنے کے بڑے اسرائیلی منصوبے کا حصہ ہے، جو ہزاروں سالوں سے فلسطینی عوام کا اپنا گھر رہا ہے۔ صہیونی ریاست نہ تو مذاکراتِ امن کا کوئی ارادہ رکھتی ہے اور نہ ہی اسے بین الاقوامی قوانین کا کوئی پاس و لحاظ ہے۔ اسرائیل کا عمل ایک انسانیت مخالف جنگی جرم ہے جو کہ علاقے میں امن کی صورتحال کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔
پاپولر فرنٹ عالمی برادری سے اپنی خاموشی توڑنے اور فلسطینی عوام پر اسرائیل و صہیونی جماعتوں کے حملوں کو روکنے کے لئے مؤثر قدم اٹھانے کی اپیل کرتی ہے۔